موتیہاری ( فضل المبین؍ سمئے ایکسپریس) :کتاب و سنت کے نصوص سے ثابت ہے کہ دعوت دینا فرض ہے اور حسبِ استطاعت ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ عصر حاضر میں دین حق کی دعوت کی اہمیت اس وجہ سے بہت بڑھ جاتی ہے کہ تمام گمراہیوں کی دعوت ہر طرف زوروں پر ہے۔ ایسے حالات میں ضروری ہے کہ ہر مسلمان اپنی دعوت استطاعت بھر دعوت کے کام کو آگے بڑھائے ۔
مذکورہ باتیں کسمہوا میں جاری تین روزہ تبلیغی اجتماع میں مرکز نظام الدین دہلی سے تشریف لائے مولانا شعیب نے کہیں ۔ انہوں نے کہا کہ: امت مسلمہ صرف ’کلمہ گو‘ جماعت نہیں بلکہ داعی الی الخیر بھی ہے ۔ یہ اس کے دینی فرائض میں داخل ہے کہ بنی نوع انسان کی دنیا کی سرافرازی اور آخرت کی سرخروئی کے لیے جو بھی بھلے کام نظر آئیں ، بنی آدم کو اس کا درس اور اس کی مخالف سمت چلنے سے ان کو روکے ۔اس فریضہ سے کوئی مسلمان بھی مستثنیٰ نہیں۔ مسلم معاشرے کے ہرفرد کا فرض ہے کہ کلمہ حق کہے ،نیکی اور بھلائی کی حمایت کرے اور معاشرے یا مملکت میں جہاں بھی غلط اور ناروا کام ہوتے نظر آئیں ان کوروکنے میں اپنی ممکن حد تک پوری کوشش صرف کردے ۔
وہیں آج اجتماع سے مولانا شمس الدین آسام ، مفتی قمر نسیم پٹنہ ، مولانا مظہر سوپولوی ، مولانا قیصر ارریاوی ، ڈاکٹر آفتاب عالم علیگ ، مولانا ساجد امان اللہ نے بھی خطاب کیا ۔
واضح ہو کہ : آج اجتماع کے دوسرے روز بھی ریاست کے مختلف علاقوں ، حلقوں اور حصوں سے لوگوں کے آنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق اب تک 30 ہزار لوگ پہنچ چکے ہیں جن کے لئے طعام و آرام کے لئے تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
یہ اجتماع مولانا انیس الرحمن ترکولیاوی کے زیر امارت منعقد ہو رہا ہے ۔ جبکہ اس کو کامیابی سے ہمکنار کرانے میں حافظ عبد الکافی ، مولانا حسین اختر ، زاہد کمال ، حاجی سلیم ، حاجی ریاض ، اسلم ، مولوی امان اللہ ، اسرار رحمانی ، شاہین اقبال ، سرفراز انور ، حیدر علی، وغیرہ نے اہم کردار ادا کیا ۔
وہیں جمعیت علماء مشرقی چمپا رن کے صدر مولانا عبد السلام قاسمی ، نائب صدر و ڈھاکہ جامع مسجد کے امام مولانا نذر المبین ندوی ، مولانا امان اللہ مظاہری ، قاضی اطہر جاوید قاسمی ، مفتی نثار احمد قاسمی ، وزیر قانون ڈاکٹر شمیم احمد ، فیصل رحمان ، مولانا مجیب الرحمٰن ، مولانا مقصود عالم و غیرہ نے شرکت کی ۔